وزیراعظم کی ہدایت پرپاکستان سے غزہ کیلئے 100 ٹن امدادی سامان روانہ کردیاگیا

وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان سے غزہ کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کر دیا گیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے مطابق مجموعی طور پر 200 ٹن امدادی سامان 2 خصوصی پروازوں کے ذریعے بھیجا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں اسلام آباد سے 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 17ویں کھیپ روانہ کی گئی جس میں 65 ٹن تیار کھانا، 20 ٹن خشک دودھ، 5 ٹن بسکٹ اور 10 ٹن ادویات شامل ہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ غزہ کےلیے مزید 100 ٹن امدادی سامان آئندہ چند دنوں میں روانہ کیا جائے گا۔
اب تک پاکستان کی جانب سے غزہ کے عوام کے لیے بھیجی گئی مجموعی امداد کا وزن ایک ہزار 715 ٹن ہو چکا ہے جو اگلی پرواز کی روانگی کے بعد ایک ہزار 815 ٹن تک پہنچ جائے گا۔
امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے شرکت کی۔
تقریب میں وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے کے اعلیٰ افسران سمیت الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
اسحاق ڈار نے این ڈی ایم اے اور فلاحی اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایاکہ فلسطینی سفیر نے امداد کی فراہمی پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔



