پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں غزہ فلوٹیلا کی حمایت اور اسرائیل کیخلاف احتجاجی مظاہرے

پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں غزہ فلوٹیلا کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان کے مختلف شہروں حیدرآباد، سجاول، میرپورخاص، ملتان، حب، قلات، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور نوشہرہ میں سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا اور ریلیاں نکالیں ۔
دوسری جانب اٹلی، اسپین، یونان اور بنگلا دیش میں غزہ فلوٹیلا کی حمایت میں مظاہرے کیے جارہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ فلوٹیلا کی حمایت میں کیے گئے مظاہروں کے دوران اٹلی میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، روم کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کے باہر 10 ہزار سے زائد افراد نے جب کہ اسپین میں ہزاروں طلبہ نے بھرپور احتجاج کیا۔
یونان میں بھی اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے شہریوں کی جانب سے اور بنگلادیش میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
میٹ پولیس کی جانب سے لندن میں فلسطین ایکشن کے حق میں مظاہرے مؤخر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مانچسٹر حملے کے بعد سکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں ، مظاہرے سے پولیس کے اہم وسائل متاثر ہوں گے ۔
یمن کے دارالحکومت صنعا میں فلسطین کے حق میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں یمنی شہریوں نے شرکت کی، اس موقع پر اہلِ غزہ اور فلسطین سے اظہارِ یک جہتی کیا گیا جب کہ اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔



