پاکستان

پاکستان ریلوے نے 155 سٹیشن شمسی توانائی پر منتقل کردیئے

پاکستان ریلوے نے 155 سٹیشن شمسی توانائی پر منتقل کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کے امور پر اہم اجلاس ہوا، اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹائزیشن سے متعلق 7 ڈیجیٹل پورٹل کام کر رہے ہیں، 54 ریلوے سٹیشنوں کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے، کراچی، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد سٹیشن پر مفت وائی فائی فراہم کیا جاچکا ہے، مزید 48 ریلوے سٹیشنوں پر31 دسمبر تک مفت وائی فائی فراہم کیا جائے گا۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ 56 ٹرینوں کو RABTA پر منتقل کردیا گیا ہے، 54 ریلوے سٹیشنوں کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے، کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن سے ڈیجیٹل ویہنگ برج کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا گیا، یہ سہولت پپری، کراچی چھاؤنی، پورٹ قاسم، لاہور اور راولپنڈی میں بھی دی جائے گی، علاوہ ازیں راولپنڈی ریلوے سٹیشن میں اے آئی سے کام کرنے والے 148 سرویلنس کیمرے نصب کیے گئے ہیں، ریلوے اسٹیشنوں پر بینکوں کی اے ٹی ایم بھی نصب کی جا رہی ہیں۔

حکام نے شرکاء کو بتایا کہ ریلوے سٹیشنز کے صفائی ستھرائی کے کام کی آؤٹ سورسنگ کی گئی ہے، بڑے ریلوے سٹیشنوں پر مسافروں کے لیے اعلیٰ معیار کی انتظار گاہیں بنائی گئی ہیں، ریلوے سٹیشنوں پر کھانے پینے کی اشیاء چاروں صوبوں کی فوڈ اتھارٹیز کو رسائی دی گئی ہے، 4 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کیا جا چکا ہے، جلد ہی مزید 11 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا، آؤٹ سورسنگ کے باعث 8.5 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے، 40 لگیج اور بریک وینز کو بھی آؤٹ سورس کیا گیا ہے جس سے 820 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے۔
وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ لاہور، کراچی، ملتان، پشاور، کوئٹہ، سکھر میں ریلوے ہسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ پر کام جاری ہے، ریلوے کے سکولوں، کالجوں اور ریسٹ ہاؤسز کی آؤٹ سورسنگ پر بھی کام جاری ہے، 155 ریلوے سٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا چکا، ریلوے کی مین لائن ون کے کراچی کوٹری سیکشن اور مین لائن تھری کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دیا جا رہا ہے، تھر ریل کنیکٹی ویٹی کے منصوبے سے متعلق حکومت سندھ کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا، اسلام آباد تہران استبول ٹرین کا جلد آغاز ہو گا، قازقستان ازبکستان افغانستان پاکستان ریل منصوبے سے متعلق بھی ابتدائی کام ہو رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker