انٹرنیشنل

دہلی ائیرپورٹ بڑے حادثے سے بچ گیا، افغان ائیرلائن کے پائلٹ نے طیارہ غلط رن وے پر اتارلیا

دہلی ائیرپورٹ پر بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا، افغانستان کی سرکاری ائیرلائن آریانا افغان ائیرلائنز کا طیارہ غلط رن وے پر اتر گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کے روز کابل سے آنے والے افغان طیارے نے دہلی کے اندرا گاندھی ائیرپورٹ کے اس رن وے پر لینڈنگ کی جو صرف اُڑان بھرنے (ٹیک آف) کے لیے مخصوص تھا۔

خوش قسمتی سے اس وقت اس رن وے سے اُڑان کے لیےکوئی طیارہ تیار نہیں تھا جس کی وجہ سے ممکنہ طور پر بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔

بھارتی ایوی ایشن حکام نے ائیر ٹریفک میں ممکنہ کوتاہیوں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہےکہ ائیر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے ہدایات میں کوئی غلطی نہیں ہوئی تھی اور پائلٹ کو صحیح رن وے پر لینڈ کرنےکے لیےکہا گیا تھا۔

بھارتی ایوی ایشن کے ایک اہکار کے مطابق اس حوالے سے جب افغان پائلٹ عبدالمعروف سکندری سے پوچھ گچھ کی گئی تو انہوں نے تکنیکی خرابی اور خراب حد نگاہ کو واقعےکا سبب قرار دیا۔

کاک پٹ عملے کے بیان کے مطابق پائلٹ کو غلط رن وے پر لینڈنگ کا علم تب ہوا جب جہاز رن وے پر اتر چکا تھا۔

خیال رہےکہ پاکستان کے ساتھ سرحدی گزرگاہیں بند ہونے کے بعد طالبان حکام بھارت کے ساتھ فضائی راہداری کو زیادہ فعال بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

افغانستان کے نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر نے افغان تاجروں کو کہا ہے کہ انہیں تجارت کے لیے پاکستان پر انحصار ختم کر دینا چاہیے اور متبادل راستوں کو اپنانا چاہیے۔

آریانا افغان ائیرلائنز نے بھارت سے تجارتی مصنوعات کی درآمد و برآمد کے کرائے بھی کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker