
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ مشترکہ طور پر کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہیں، پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا چاہتے ہیں، ہمارے قومی کرکٹرز میں بہت صلاحیت موجود ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ میرے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے، پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ ملتا ہے، پی ایس ایل میں نئی بڈ شفاف اور اوپن ہوگی، اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم بنانے جارہے ہیں، ہر اسٹیڈیم میں شائقین کے لیے میوزیکل کانسرٹ ہوگا، ہم امریکا کے شہر نیویارک میں بھی کرکٹ روڈ شو کرنے جارہے ہیں، ہم بہت جلد او ٹی ٹی پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔
پاکستان کرکٹ کی ترویج کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے: سلمان نصیر
سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کامیاب تقریب کے انعقاد پر خوشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو ٹیموں کی فرنچائز کے لیے بڈز اوپن ہیں، پاکستان کرکٹ کی ترویج کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان میں کرکٹ شائقین میدان میں اچھے کھیل سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
پی ایس ایل میں مقامی ٹیلنٹ کو مواقع دے رہے ہیں: وسیم اکرم
سابق کرکٹر وسیم اکرم نے پینل گفتگو میں کہا کہ پی ایس ایل میں مقامی ٹیلنٹ کو مواقع دے رہے ہیں، پی ایس ایل پاکستان کے شائقین کرکٹ کے لیے تفریح کے اچھے مواقع فراہم کررہی ہے، پی ایس ایل کی کامیابی میں سب کی محنت شامل ہے۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے پاکستان کرکٹ کے کھیل کو فروغ مل رہا ہے، پی ایس ایل سے نوجوان کھلاڑیوں کا عالمی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔
بڑے کھلاڑیوں نے ہمیشہ میری اچھی رہنمائی کی: بابر اعظم
قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے پینل ڈسکشن میں کہا کہ بڑے کھلاڑیوں نے ہمیشہ میری اچھی رہنمائی کی، سینئر کھلاڑی اپنے اندر اکیڈمی کا درجہ رکھتے ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے تجربات سے آگاہ کرتا ہوں، پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد پاکستان کرکٹ کی بڑی کامیابی ہے۔



