پڑھائی نہ کرنے پر ماں کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ بیٹے نے خودکشی کرلی
بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک طالب علم نے امتحانات کے دوران نہ پڑھنے کی وجہ سے مبینہ طور پر ماں کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوپی کے ضلع کاشی نگر کا رہائشی اتکرش شرما نامی لڑکا میٹرک کا طالب علم تھا، اتکرش اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا، اس کے والد خاندان کی کفالت کے لیے بیرون ملک کام کرتے تھے جب کہ لڑکا بچپن سے ہی والدہ کے ساتھ اپنے ماموں کے گھر رہتا تھا اور اسی علاقے کے ایک پرائیویٹ اسکول میں زیر تعلیم تھا۔
اتکرش ان دنوں میٹرک کے امتحانات کی تیاری کررہا تھا جس دوران اس کی والدہ نے پڑھائی میں غفلت برتنے کی وجہ سے بیٹے کو جھاڑ پلادی۔
ماں کی ڈانٹ سننے کے بعد اتکرش نے خود کو کمرے میں بند کرلیا اور تھوڑی ہی دیر گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ کچھ ہی دیر بعد جب اتکرش کی ماں چھت پر گئی تو اس نے بیٹے کو کمرے میں لٹکا ہوا پایا جس کے بعد پڑوسیوں کی مدد سے بچےکو پھندے سے نیچے اتار کر اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے لڑکے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے اسے مردہ قرار دے دیا۔
بعد ازاں پولیس نے لڑکے کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرواتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔
دوسری جانب خاندان کے افراد کا بتانا ہے کہ اتکرش کی والدہ اسے پڑھائی کیلئے ڈانٹتی رہتی تھی، عام طور پر لڑکا اس ڈانٹ کوبرداشت کرلیتا تھا لیکن حال ہی میں اس نے دباؤ میں آکر خودکشی کرلی۔
افسوسناک واقعے سے متعلق بھارتی ڈاکٹرز نے والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کے ماحول میں بچوں پر پڑھائی یا کسی بھی کام کے لیے بہت زیادہ دباؤ نقصان دہ ہو سکتا ہے لہٰذا بچوں کو غیر ضروری تناؤ دینے سے گریز کرنا چاہیے۔



