سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پشین میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا

صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی بروقت کارروائی کے نتیجے میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ پشین کے علاقے سرخاب چوک میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ایک موٹر سائیکل پر دھماکہ خیز مواد نصب کرکے کھڑا کیا ہوا تھا، مشتبہ موٹر سائیکل کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری طور پر علاقے کو محفوظ بناتے ہوئے موٹر سائیکل کی تلاشی لی جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ بم ڈسپوزل سکواڈ نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ موٹر سائیکل میں نصب بم کو ناکارہ بنا دیا، موٹر سائیکل میں تقریباً ڈیڑھ کلو گرام بارودی مواد نصب تھا، جس میں بال بیرنگ اور چھرے بھی شامل تھے، واقعے کے بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی گئی۔
ادھر مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ 27 دسمبر کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلہ ہوا اور کارروائی کے دوران 4 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے، سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا، ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔
فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا تھا کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ مزید بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اورسرچ آپریشن جاری ہے، وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے قومی ایکشن پلان کے تحت شروع کیے گئے وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سکیورٹی فورسزاورقانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیرملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے۔



