سال نو پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ، 25 افراد زخمی
کراچی کے مختلف علاقوں میں نئے سال پر ہوائی فائرنگ سے 25 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں بچیاں اور خواتین بھی شامل ہیں تاہم مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ہوائی فائرنگ میں ملوث 56 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کورنگی،گولیمار، فائیواسٹار اور نیوسبزی منڈی سمیت مختلف علاقوں میں ہوئی فائرنگ سے شہری زخمی ہوئے۔
ادھرحیدر آباد میں بھی سال نو کی خوشی میں ہوائی فائرنگ سے 4 افراد جبکہ نواب شاہ میں 2 افراد زخمی ہوئے۔
خیال رہے کہ سال نو کے موقع پر محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے کراچی میں اسلحےکی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے ڈرون کیمرے اڑانےکا بھی فیصلہ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق لیاقت آباد، شریف آباد، عزیزآباد، ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں ڈرون اڑانےکا فیصلہ کیا گیا ۔ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی ویڈیو ریکارڈ کرکے مقدمہ درج کیا جائےگا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ 16 سے زائد تھانوں کو ڈرون کیمرے فراہم کیےگئے ہیں۔



