کمانڈر رائل سعودی لینڈ فورسز کی فیلڈ مارشل سے ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر گفتگو

راولپنڈی: کمانڈر رائل سعودی لینڈ فورسز لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود الجوھانی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں خطے کی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بدھ کو کمانڈر رائل سعودی لینڈ فورسز لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود الجوھانی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کےامور، خطے کی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔
فریقین نے پاک سعودی مسلح افواج کے دیرینہ و برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے بھی جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور بحرین کے درمیان موجود عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ہر شعبے میں بحرین کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ۔



