قومی پرچم کی پہلی بار رونمائی کب اور کہاں ہوئی؟

قومی پرچم محض کپڑے کا ٹکڑا نہیں بلکہ ایک نظریے، جدوجہد اور قربانیوں کی علامت ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ قومی پرچم میں سبز اور سفید رنگ اور رنگوں کو جوڑنے والی سیدھی لائن کا مقصد کیا ہے، چاند ستارے کا انتخاب کیوں ہوا اور سبز ہلالی پرچم کی رونمائی کب اور کہاں ہوئی۔
قومی پرچم میں سبز رنگ مسلمانوں اور خوشحالی کی علامت ہے، چاند ترقی کا نشان اور پانچ کونوں والا ستارا علم، روشنی اور اسلام کے بنیادی ارکان کی نمائندگی کرتا ہے۔
پرچم میں سفید پٹی اقلیتوں اور امن کی علامت ہے جبکہ دونوں رنگوں کے درمیان سیدھی لکیر قوت اور واحدانیت کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
پاکستان کے قومی پرچم کا ڈیزائن سید امیر الدین قدوائی نے بنایا اور سلائی دو بھائیوں ماسٹر افضال حسین اور ماسٹر الطاف حسین نے 3 جون 1947 کو کی۔
قومی پرچم کا ڈیزائن اور سلائی دہلی میں ہوئی جبکہ رونمائی کراچی میں کی گئی، 11 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی میں لیاقت علی خان نے قومی پرچم لہرایا۔
قومی پرچم کے ڈیزائنر امیر الدین قدوائی کے پوتے حفیظ قدوائی کہتے ہیں کہ پرچم لہراتا ہے تو محسوس ہوتا ہے کہ ان کے دادا کی روح بھی بلندی کو چھو رہی ہے۔
پہلا قومی پرچم سینے والے ماسٹر الطف حسین کے بیٹے ظہور حسین کا کہنا ہے کہ ان کے والد ہمیشہ فخر کرتے تھے کہ پہلے قومی پرچم کی سلائی انہوں نے کی۔
پاکستان کے قومی پرچم کا تناسب لمبائی کے مقابلے میں دو تہائی رکھا گیا ہے۔



