کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق، والد زخمی، مشتعل شہریوں نے 7 ڈمپر جلادیے

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا راشد منہاس روڈ پر ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع نے بتایاکہ ڈمپر کی ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار باپ، بیٹا اور بیٹی زخمی ہوگئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اسپتال منتقلی کے دوران بہن اور بھائی دم توڑ گئے جن کی شناخت 22 سالہ ماہ نور اور 14 سالہ علی رضا کے نام سے ہوئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بہن اور بھائی کے والد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
حادثے کے بعد شہری مشتعل ہوگئے اور 7 ڈمپروں کو آگ لگادی، شہریوں نے موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والے ڈمپر ڈرائیور پر تشدد کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا۔
حادثے کے بعد راشد منہاس روڈ کو ٹریفک کےلیے بند کردیا گیا جبکہ پولیس نے ڈمپر جلانے کے الزام میں 10افراد کو گرفتار کرلیا۔
آگ لگانے کے خلاف ڈمپر ڈرائیورز کا احتجاج
آگ لگانے کے خلاف ڈمپر ڈرائیور ایسوسی ایشن نے احتجاج کرتے ہوئے سپرہائی وئے سہراب گوٹھ سے سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانہ شدید متاثر ہے، ڈمپر ڈرائیور ایسوسی ایشن نے نیشنل ہائی وے بھی بلاک کرنے کا اعلان کردیا۔



