چین نے پاکستان کو دیے گئے دوارب ڈالر کے ڈیپازٹ کی واپسی موخر کر دی ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق چین کی طرف سے جمع کروائے گئے دو ارب ڈالر کی مدت 23 مارچ کو ختم ہونی تھی چین نے ادا ئیگی کی تاریخ سے پہلے ہی یہ رقم رول اوور کر دی۔
2ارب ڈالر کا ڈپازٹ رول اوور کرانے کیلئے وزارت خزانہ اور چینی حکام کے درمیان رابطے ہوئے تھے جبکہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق نے چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کو اس حوالے سے خط لکھ کر درخواست کی تھی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چین نے مجموعی طور پر پاکستان کو 14 ارب ڈالر کا قرض سیف ڈپازٹ کے طور پر دے رکھا ہے جس سے پاکستان پر بیرونی ادائیگیوں کابوجھ کم ہوا ہے۔
قبل ازیں یورپی یونین نے پاکستان کو 100 ملین یورو گرانٹ کی سپورٹ کا اعلان کر دیا۔پاکستان میں یورپی یونین (ای یو) کی سفیر رینا کیونکا اور وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے ای یو کے پانچ نئے گرانٹ معاہدوں پر دستخط کیے۔
یہ معاہدے 2022 کے بعد کے سیلاب کی لچکدار بحالی اور تعمیر نو کے فریم ورک کے لیے ٹیم یورپ کے ردعمل کے تحت تقریباً 100 ملین یورو (30 بلین روپے سے زیادہ کے برابر) کی خاطر خواہ عزم کی نشاندہی کرتے ہیں۔



