رواں برس موسم سرما کے دوران برفباری دیکھنے مری کا رخ کرنے والے سیاحوں کیلئے انتظامات مکمل کرتے ہوئے ٹریفک پلان ترتیب دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ضلع مری میں کرسمس اور قائد اعظم ڈے کے سلسلے میں ڈی ایس پی ٹریفک مری محمد ابرار سرور قریشی نے ٹریفک پلان ترتیب دے دیا ہے، اس سلسلے میں مری شہر کے اندر ٹریفک وارڈنز افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں اور اس دوران تمام ٹریفک سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ کرسمس پر مال روڈ مری ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہو گا، کم عمر ڈرائیور اور بغیر ہیلمنٹ اور بنا نمبر پلیٹ موٹر سائیکل پر مکمل پابندی ہوگی، خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، کالے شیشے یا رنگین پیپر والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کے لئے سکواڈ تشکیل دئیے گئے ہیں، سٹی ٹریفک پولیس نے بہتر طریقے سے ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے سنی بینک چوکی پر کنٹرول روم قائم کیا ہے، سیاح حضرات اور عوام الناس سے سرکل مری میں کسی بھی قسم کی پریشانی کی صورت میں رجوع کرسکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ سیاحوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے انتظامیہ فیلڈ میں متحرک ہے ، برفباری کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر سے سیاحوں کی مری آمد کا سلسلہ جاری ہے، راستوں کی صفائی اور نمک کا چھڑکاؤ کروایا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیاحوں کے لیے قائم کنٹرول روم اور سہولیاتی مراکز کے دورہ کے موقع پر کیا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) مری کیپٹن (ر) قاسم اعجاز ، اسسٹنٹ کمشنر مری ڈاکٹر محمد انس سعید اور ڈی ایس پی مری محمد عارف بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر مری نے انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اپنی نگرانی میں راستوں کی صفائی اور نمک کا چھڑکاؤ کروایا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مری نے کہا کہ سیاحوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے مری میں 13 مختلف مقامات پر سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں ، تمام انتظامی محکمے متحرک ہیں، ڈسٹرکٹ انتظامیہ مری تمام تر انتظامات و سہولیات پر نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔



