وزیر اعظم شہباز شریف نے اسٹریٹجک اداروں کے علاوہ تمام حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام ریاستی اداروں کی نجکاری ہو گی، چاہے وہ نفع بخش ہیں یا خسارہ کا شکار ہیں۔
وزیرِ اعظم کی زیر صدارت وزارتِ نجکاری اور نجکاری کمیشن کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں نجکاری پروگرام 2024ء-2029ء کا روڈ میپ پیش کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تمام وفاقی وزارتوں کوضروری کارروائی اور نجکاری کمیشن سے تعاون کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں، حکومت کا کام کاروبار اور سرمایہ کاری دوست ماحول یقینی بنانا ہے، کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سہولتیں اور آسانیاں فراہم کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کی نجکاری سے ٹیکس دہندگان کے پیسے کی بچت ہو گی، سروسز کی فراہمی کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی، نجکاری کے عمل میں شفافیت کو اولین ترجیح دی ہے۔
وزیرِ اعظم نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی نجکاری کے لیے بڈنگ اور اہم مراحل براہِ راست نشر کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اداروں کی نجکاری کے عمل کے مراحل کو بھی براہِ راست نشر کیا جائے گا۔



