پاکستان
بارش میں کرنٹ لگنے سے شہری کی موت، کے الیکٹرک کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کا جرمانہ
کراچی: عدالت نے بارش میں کرنٹ لگنے سے شہری کے انتقال پر کے الیکٹرک کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

سینئر سول جج وسطی نے ریمارکس دیے کہ بجلی سے متعلق ادارے پر عوام کے تحفظ کی غیر معمولی ذمے داری عائد ہوتی ہے، کھمبے پر دیگر اداروں کی تار کی موجودگی سے کے الیکٹرک اپنی ذمے داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔
عدالت نے کہا کہ بجلی کی ترسیل کے نظام اور عوامی مقامات کو محفوظ بنانا کے الیکٹرک کی ذمے داری ہے جبکہ عوامی مقام پر نصب پول میں کرنٹ ہونا بذات خود غفلت کا ثبوت ہے۔
فاضل جج نے کے الیکٹرک کو 90 روز میں دعویٰ کنندگان کو ہرجانے کی ادائیگی کرنے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ 2019 میں شہری شیخ سعد بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا تھا، علاقہ مکینوں کی کےالیکٹرک کو پول میں کرنٹ کی شکایت کے باوجود کارروائی نہیں کی گئی تھی۔



