ترکی میں پہاڑ پر ‘کشتیِ نوح’ کی تلاش تیز، حقیقت کیا ہے؟

ترکیہ میں کوہِ ارارات کے قریب حضرت نوحؑ کی کشتی سے منسوب مقام پر سائنسی تحقیق نے عالمی توجہ حاصل کرلی ہے، مشرقی صوبے آغری کے ضلع دوغوبایزیت میں کشتی نما جغرافیائی ساخت پر حضرت نوحؑ کی کشتی سے متعلق سائنسی تحقیق کا موجودہ مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ اب تک حاصل ہونے والے شواہد سے یہ ثابت نہیں ہوا کہ یہ مقام واقعی کشتیِ نوحؑ کی باقیات پر مشتمل ہے۔
یہ مقام تلچیکر اور اوزنگیلی نامی دیہات کے درمیان واقع ہے اور کئی دہائیوں سے محققین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ موجودہ تحقیق سِواس جمہوریہ یونیورسٹی کی نگرانی میں کی گئی، جس میں پانچ ممالک سے تقریباً 20 سائنس دانوں نے حصہ لیا۔ ٹیم نے تقریباً 90 دن تک علاقے میں مختلف سائنسی طریقوں سے شواہد جمع کیے۔
تحقیق کے دوران ماہرین نے ڈرونز کے ذریعے علاقے کا جدید نقشہ اور تھری ڈی ماڈل تیار کیا۔ اس کے علاوہ نئی نسل کے ریڈار نظام سے زمین کے اندر موجود ساخت کا جائزہ لیا گیا۔ مختلف مقامات سے تقریباً ایک ہزار مٹی کے نمونے حاصل کیے گئے، جبکہ پہلی مرتبہ بنیادی ڈرلنگ کے ذریعے زمین کی گہرائی سے مسلسل نمونے بھی نکالے گئے۔
تحقیقی ٹیم کے نائب سربراہ امریکی محقق اینڈریو جونز کے مطابق ڈرلنگ سے ملنے والے نتائج اس لحاظ سے اہم ہیں کہ زیرِ زمین حصہ صرف ایک ٹھوس چٹان پر مشتمل دکھائی نہیں دیتا۔ ان کے بقول ڈرلنگ کے دوران مسلسل مٹی کے نمونے حاصل ہوئے، اگرچہ علاقے میں چٹان کے بڑے ٹکڑے بھی موجود ہیں۔
جونز نے کہا کہ اس مرحلے پر یہ فیصلہ نہیں کیا جاسکتا کہ یہ ساخت قدرتی طور پر وجود میں آئی یا اسے انسانوں نے بنایا۔ محققین اب گہرائی سے حاصل ہونے والی مٹی کے نمونوں کا لیبارٹری میں تجزیہ کر رہے ہیں۔ ان میں ایک ایسی گہری، سیاہ اور نامیاتی مادے سے بھرپور مٹی بھی شامل ہے جس کے بارے میں یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آیا اس میں بوسیدہ لکڑی کے آثار موجود ہیں یا یہ کسی انسانی سرگرمی کا نتیجہ ہے۔
اگست میں کیے گئے ریڈار اسکین میں زیرِ زمین بعض غیر معمولی مقامات یا ساختیں بھی سامنے آئیں۔ محققین کے مطابق ان میں سے کچھ جگہیں ایسی ہوسکتی ہیں جو قدرتی ساخت کے بجائے کسی غیر معمولی چیز یا ممکنہ ساخت کی نشاندہی کرتی ہوں، تاہم ریڈار کے حتمی نتائج ابھی تیار نہیں ہوئے۔ اسی وجہ سے ان نشانات کو کشتی کی باقیات قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔
موجودہ منصوبے کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ ماضی کی تحقیقات کے برعکس اس مرتبہ توجہ صرف زمین کی سطح پر نظر آنے والی کشتی نما شکل تک محدود نہیں رہی بلکہ زیرِ زمین حصے کا براہِ راست جائزہ بھی لیا گیا۔ جونز کے مطابق 1959 میں ترک فوج کے نقشہ ساز افسر کیپٹن الہان دوروپنار نے فضائی سروے کے دوران اس ساخت کو دریافت کیا تھا، جس کے بعد ترکیہ اور دیگر ممالک کے متعدد محققین نے یہاں تحقیق کی۔



