اسلام آباد میں کار کی ٹکر سے جاں بحق لڑکیوں کے ورثا نے اللہ کے نام پر ملزم کو معاف کیا، تحریری حکمنامہ جاری

اسلام آباد میں گاڑی کی ٹکر سے دو بچیوں کی ہلاکت کے کیس میں صلح کا تحریری حکم نامہ جاری کردیاگیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ٹکر سے دو بچیوں کی ہلاکت کے کیس میں ملزم اور ورثا کے درمیان صلح ہونے سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق دونوں بچیوں کے ورثا نے اللہ کے نام پر ملزم کو معاف کر دیا، عدالت کے روبرو ایک بچی کے بھائی عدنان تجمل جبکہ دوسری بچی کے والد غلام مہدی پیش ہوئے۔
ورثا کی جانب سے صلح سے متعلق بیانِ حلفی بھی عدالت میں جمع کرائے گئے۔
حکم نامے میں بتایا گیا کہ ورثا نے عدالت سے استدعا کی کہ اگر ملزم کو ضمانت کے بعد بری بھی کر دیا جائے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ 2 دسمبر کو اسلام آباد میں کار کی ٹکر سے دو لڑکیاں جاں بحق ہوگئی تھیں، ڈرائیور ملزم کے والد کا تعلق عدلیہ سے ہے۔



