وہ عام اور بہترین مشروب جو جسمانی چربی گھلانے کیلئے بہترین ہوتا ہے

جسمانی وزن میں کمی لانا اکثر آسان نہیں ہوتا اور لوگوں کو کافی کوششوں کے باوجود ناکامی کا سامنا ہوتا ہے۔
اس حوالے سے ایک عام مشروب مددگار ثابت ہوسکتا ہے جو جسمانی وزن اور چربی میں کمی لاتا ہے۔
یہ مشروب ہے سبز چائے جسے انسان صدیوں سے استعمال کر رہے ہیں اور اسے مختلف میٹابولک امراض جیسے ذیابیطس ٹائپ 2 کے لیے مفید تصور کیا جاتا ہے۔
برازیل کی ساؤ پاؤلو یونیورسٹی کی تحقیق میں چوہوں پر تجربات سے دریافت ہوا کہ سبز چائے کے استعمال سے جسم کے اندر گلوکوز کی حساسیت بہتر ہوتی ہے جبکہ انسولین کی مزاحمت گھٹ جاتی ہے۔
مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ مشروب جسمانی چربی کو بھی گھلاتا ہے اور جسمانی وزن میں کمی لاتا ہے۔
موٹاپے پر سبز چائے کے اثرات کی جانچ پڑتال کے لیے چوہوں کو 4 ہفتوں تک زیادہ کیلوریز والی غذاؤں کا استعمال کرایا گیا جو انسانوں میں فاسٹ یا جنک فوڈ کی طرح تھیں۔
اس کے بعد ان چوہوں پر 12 ہفتوں تک سبز چائے کے تجربات کیے گئے۔
اس عرصے کے دوران بھی زیادہ کیلوریز والی غذاؤں کا استعمال جاری رکھا گیا مگر کچھ چوہوں کو سبز چائے کے ایکسٹریکٹ کا استعمال کرایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سبز چائے میں adiponectin نامی پروٹین ہوتا ہے جو ممکنہ طور پر ورم کش اور میٹابولزم افعال کے لیے مفید ہوتا ہے۔
اسی تحقیقی ٹیم کی اگست 2022 کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ جب موٹاپے کے شکار چوہوں کو سبز چائے کا استعمال کا استعمال کرایا گیا تو ان کے جسمانی وزن میں 30 فیصد تک کمی آئی۔
اس وقت محققین نے بتایا کہ اگر کوئی فرد جسمانی وزن میں 5 سے 10 فیصد تک کمی لاتا ہے، تو یہ بہت کم ہوتی ہے۔
اب نئی تحقیق میں انہوں نے بتایا کہ نتائج حوصلہ افزا ہیں مگر ابھی یہ تعین نہیں کیا جاسکا کہ انسانوں کے لیے کتنی مقدار میں سبز چائے محفوظ اور مؤثر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انسانوں پر تحقیق کی ضرورت ہے مگر سبز چائے کا معتدل استعمال صحت کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل سیل بائیو کیمسٹری اینڈ فنکشن میں شائع ہوئے۔
محققین کے مطابق چوہوں کو اتنی مقدار استعمال کرائی گئی جو روزانہ سبز چائے کے 3 کپوں کے برابر تھی۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سبز چائے کے استعمال سے چربی تو گھلتی ہے مگر اس سے مسلز کے حجم پر اثرات مرتب نہیں ہوتے۔
محققین کے مطابق شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ سبز چائے سے پتلے چوہوں کے وزن پر اثرات مرتب نہیں ہوتے اور یہ صرف اضافی جسمانی چربی کو ہی گھلاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مشروب میں متعدد حیاتیاتی مرکبات موجود ہوتے ہیں اور ہم نے ہر ایک کو الگ کرکے ان کے اثرات کا تجزیہ کیا، مگر دریافت ہوا کہ جب وہ سب ملتے ہیں تو ہی جسم کو فائدہ ہوتا ہے۔



