خاتون سے تعلقات پر جھگڑا : 20 سالہ نوجوان نے دوست کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کردیے
گجرات کے 20 سالہ نوجوان نے خاتون کے معاملے پر ہونٍٍٍٍٍٍٍے والے جھگڑے میں دوست کو ٹکڑے ٹکڑے کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رمیش مہیشوری نامی شخص گجرات کے مورو گاؤں سے گزشتہ 6 روز سے لاپتا تھا، رمیش کی گمشدگی کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کے دوران اس کے دوست کشور کو مشکوک قرار دیتے ہوئے حراست میں لیا۔
پولیس کی پوچھ گچھ کے دوران کشور نے دونوں کی مشترکہ خاتون دوست کو میسجز کرنے پر ہونے والے جھگڑے کے بعد رمیش کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔
تفتیش کے دوران کشور نے پولیس کو بتایا کہ’ میں ایک خاتون کو انسٹاگرام پر میسیجز کرکے تعلقات بنانے کیلئے مجبور کررہا تھا جب کہ وہ خاتون رمیش سے تعلقات میں تھی۔‘
پولیس کے مطابق ‘خاتون نے کشور کے میسیجز کی اطلاع جب رمیش کو دی تو دونوں دوستوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا جس کے بعد کشور نے رمیش کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا،کشور نے رمیش کو گاؤں سے دور لے جا کر قتل کردیا، قتل کے بعد رمیش کا سر ہاتھ اور ٹانگیں چاقو کی مدد سے کاٹ کر کنویں میں پھینک دیے جب کہ باقی اعضاء دفن کردیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم کے اعتراف کے بعد پولیس نے لاش کے دفنائے گئے اعضا برآمد کرلیے۔



