سات سال میں ایڈوانس وارننگ سسٹم پرکام نہیں ہوا، موجودہ ڈیڈ لائن میں 1گھنٹےکااضافہ بھی قبول نہیں: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ 7 سال میں موسم کے ايڈوانس وارننگ سسٹم پر کام نہيں ہوا لیکن اب انہوں نے جو ڈیڈ لائن دی ہے اس میں ایک گھنٹے کا اضافہ بھی قبول نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ گلگت بلتستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے سیلاب متاثرین میں 10-10 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے۔
وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے 4 ارب روپےکے فنڈ کا بھی اعلان کیا، انہوں نے وزیر مواصلات کو فوری طورپر انفرا اسٹرکچر کی بحالی کاحکم دیتے ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے امدادی چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب میں کہاکہ 7 سال میں ایڈوانس وارننگ سسٹم پر کام نہیں ہوا، 7 سال سے یہ پروگرام صرف کاغذوں پر چل رہا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ اب انہوں نے جو ڈیڈ لائن دی ہے اس میں ایک گھنٹے کا اضافہ بھی قبول نہیں۔
اس سے پہلے سیلاب سے نقصانات کے جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے وزیر اور حکام عالمی کانفرنسز میں شرکت تو کررہے ہيں لیکن فنڈز نہیں آرہے، اب انہوں نے واضح ہدایات دی ہیں کہ وہ فنڈز لے کر آئيں۔



