پاکستان

ڈیرہ اسماعیل خان اور لوئر دیر میں بارش، چھتیں گرنے سے 3 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں طوفانی بارش اور آندھی نے تباہی مچادی ہے، جس کےنتیجے میں چھتیں گرنے سمیت مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب لوئر دیر کے علاقے میدان ٹکاٹک میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بادل ایک بار پھر قہر ڈھانے لگے، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں طوفانی بارش اور آندھی سے آٹھ افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری کی گئی جس میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 5 کا تعلق تحصیل ڈیرہ اسماعیل خان سے، تین کا تعلق تحصیل پہاڑپور سے ہے۔

طوفانی بارشوں کے باعث 41 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جبکہ 6 کو مفتی محمود اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جس کے بعد 26 زخمیوں کو مرہم پٹی کے بعد فارغ کر دیا گیا۔

ڈی آئی خان میں مختلف علاقوں میں درخت اکھڑ گئے، تاریں ٹوٹ گئیں جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

مردان میں چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ لکی مروت میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جس کے باعث دیواریں گر گئیں، ملبے تلے دبے 10 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔

اس کے علاوہ پشاور، مردان، شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے۔

پلندری کے علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے پہاڑی علاقوں میں تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کاخدشہ بڑھ گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 406 افراد جاں بحق اور 247 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 305 مرد، 55 خواتین اور 46 بچے شامل ہیں جبکہ بونیر میں جاں بحق افراد کی تعداد 337 اور صوابی میں 46 ہوگئی۔

لوئر دیر میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

دوسرے جانب لوئر دیر کے علاقے میدان ٹکاٹک میں مکان کی چھت گرگئی، جس کے نتیجے میں 3 بچے جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیوٹیم نے موقع پر پہنچ کر بچوں کی لاشیں ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کردیں۔

ریسکیوحکام کے مطابق حادثے میں مرنےوالے بچوں میں 10 سالہ قاسم، 11 سالہ مرتضیٰ اور 9 سالہ سہیل شامل ہیں، حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے واقعہ کا نوٹس لے لیا

ڈیرہ اسماعیل خان میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات کا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

گورنر نے واپڈا حکام کو ہنگامی بنیادوں پر بجلی کی بحالی کا حکم دیا جبکہ محکمہ صحت کو زخمیوں کو فوری اور بھرپور طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

فیصل کریم کنڈی نے قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق اور زخمیوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

گورنر کے پی نے رات گئے محکمہ صحت کے حکام کو زخمیوں کو بھرپور طبی امداد کی فراہمی کی بھی ہدایات جاری کیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا اظہار افسوس

ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی اور بارشوں سے جانی و مالی نقصانات پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اظہار افسوس کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کو امداد کی فراہمی کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور متاثرین کے نقصانات کے ازالے اور ان کی بحالی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، متاثرین کی بھرپور معاونت کرے گی اور ان کی امداد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

این ڈی ایم اے کا آج سے 30 اگست تک ملک میں بارشوں کا نیا الرٹ

آزاد کشمیر کے علاقے باغ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، ہزارہ ڈویژن کے ضلع ہری پور اور گردونواح میں تیز آندھی کے بعد بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ آندھی کی وجہ سے کئی مقامات پر درخت گرنے سے سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker