پاکستان

سندھ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور ڈی میرٹ پوائنٹس کا نظام نافذ

کراچی: حکومت سندھ نے  صوبے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور ڈی میرٹ پوائنٹس کا نظام نافذ کردیا۔

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق موٹروہیکلز آرڈیننس 1965 کے تحت بارہویں شیڈول میں ترمیم کے بعد یہ نظام نافذ کیا گیا ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ اوور اسپیڈنگ، سگنل توڑنے، غلط سمت میں گاڑی چلانے، اوورلوڈنگ اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ سمیت دیگر خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی ہوگی۔

شرجیل میمن کے مطابق  اوور اسپیڈنگ پر موٹر سائیکل کے لیے 5 ہزار، کار کے لیے 15 ہزار اور ہیوی ٹرانسپورٹ کے لیے 20 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا اور 8 ڈی میرٹ پوائنٹس بھی دیے جائیں گے۔

بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ اور 6 ڈی میرٹ پوائنٹس مقرر ہیں، لاپرواہ ڈرائیونگ پر 25 ہزار روپے اور 8 ڈی میرٹ پوائنٹس لگیں گے۔

اسی طرح ون وہیلنگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، دھندلے شیشے استعمال کرنے، غلط لین میں گاڑی چلانے اور مسافروں کو چھت پر بٹھانے پر بھی بھاری سزائیں دی جائیں گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ اقدامات جرمانے وصول کرنے کے لیے نہیں بلکہ شہریوں کی جانیں بچانے اور روڈ سیفٹی یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سگنل توڑنا، اوور اسپیڈنگ اور ون وہیلنگ جان لیوا حرکات ہیں، اب ٹریفک قوانین کی بار بار خلاف ورزی پر لائسنس معطل یا منسوخ کیے جاسکتے ہیں، ڈی میرٹ پوائنٹس سسٹم ہمیں بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کا ریکارڈ رکھنے میں مدد دے گا، یہ نظام دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں کامیابی سے چل رہا ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ حادثات میں کمی آئے اور صوبے کی سڑکیں ہر شہری کے لیے محفوظ بن سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker