بلوچستان
کھڈکوچہ میں دوسری بار تاحکمِ ثانی کرفیو نافذ

گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کے بعد علاقے کھڈکوچہ میں دوسری بار تاحکمِ ثانی کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کرفیو کا اطلاق آج صبح 7 بجے سے ہو چکا ہے، جس کے تحت کھڈکوچہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں شہریوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ علاقے میں امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کر دیے ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری بھی کھڈکوچہ میں تعینات کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے، نیز یہ عندیہ بھی دیا گیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔



