سندھ: اسکولوں میں حاضری بہتر کرنے کیلئے طلبہ کو شناختی نمبردینے اور ایپ استعمال کرانے کا فیصلہ
کراچی: سندھ کابینہ نے اسکولوں میں طلبہ کی حاضری کو بہتر بنانے کیلئے ہر طالب علم کو منفرد شناختی نمبر دینے اور موبائل ایپ کا استعمال لازم بنانے فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ کو اسٹوڈنٹ اٹینڈنس مانیٹرنگ سسٹم پر بریفنگ دی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ اسٹوڈنٹ اٹینڈنس مانیٹرنگ سسٹم کا مقصد غیر حاضری اور ڈراپ آؤٹ کی شرح میں کمی لانا ہے۔
اس کے علاوہ سندھ کابینہ نے ہر طالب علم کو منفرد شناختی نمبر دینے اور روزانہ حاضری کے لیے موبائل ایپ کا استعمال لازم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مسلسل غیر حاضری پر اساتذہ کو الرٹس جاری ہوں گے، صوبائی اور ضلعی سطح پر لائیو ڈیش بورڈ سے نگرانی کی جائے گی اور اساتذہ کے ذاتی موبائل فونز کے ذریعے سسٹم چلایا جائے گا، ڈیٹا اخراجات اسکولوں کے بجٹ میں شامل کیے جائیں گے۔
مراد علی شاہ کو سرکاری یونیورسٹیوں کے لیے 20 ہزار اسکالرشپس کے اجرا کی تجویز پر بھی بریفنگ دی گئی جس پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مارکیٹ سے ہم آہنگ تکنیکی مہارتیں فراہم کرنےکاہدف ہے۔



