شاہ عبداللطیف یونیورسٹی: ایل ایل بی کے 1184 امیدواروں کا تعلیمی ریکارڈ مشکوک قرار
خیرپور: شاہ عبداللطیف یونیورسٹی نے ایل ایل بی کے 1184 امیدواروں کا تعلیمی ریکارڈ مشکوک قرار دیدیا۔

شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 11 اپریل 2026 کو تعلیمی ریکارڈ کی چھان بین کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی، جانچ پڑتال کےبعد 64 امیدواروں کی ڈگریوں کا ریکارڈ درست اور قانونی قرار دیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق جانچ پڑتال کےبعد ایل ایل بی 3 سالہ پروگرام کے سال 2016-17-18 کے658 امیدواروں اور ایل ایل بی 5 سالہ پروگرام کے بیچ 2017 کے 526 امیدواروں کا تعلیمی ریکارڈ مشکوک قرار دیا گیا۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی نے امتحانی ریکارڈ،حاضری، مالی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی، متنازع ریکارڈ کی بنیاد پرجاری نتائج، ٹرانسکرپٹس اور ڈگریوں کو مشکوک قرار دیا گیا۔
شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے مطابق متعلقہ بارکونسلز، ایچ ای سی اور الحاق لاکالجز کو متنازع ریکارڈ ہولڈرکی فہرستیں ارسال کردی گئی ہیں جبکہ متنازع ڈگری ہولڈرزکی فہرستیں یونیورسٹی ویب سائٹ پر بھی شائع کردی گئی ہیں۔



