117 سال کی عمر میں بھی صحت مند خاتون جو دنیا کی معمر ترین شخصیت ہوسکتی ہیں
117 سال کی عمر میں کامیل مارا کو یہ فکر نہیں کہ وہ خود کو دنیا کی معمر ترین خاتون ثابت کرسکیں یا البانیہ کے حکام کو یقین دلا سکیں کہ وہ ابھی تک مری نہیں۔

ایک ایسی خاتون جن کی پیدائش خلافت عثمانیہ کے عہد میں ہوئی اور 36 سال کی عمر میں دوسری جنگ عظیم کا اختتام دیکھا، ان کی توجہ تاحال اس بات پر مرکوز ہے کہ زندگی سے کیسے لطف اندوز ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ‘زندگی ماؤنٹ Tomorr میں موسم بہار کی طرح خوبصورت ہے’۔
یہ البانیہ کی بلند ترین چوٹیوں میں سے ایک ہے جو ان کے گاؤں Ferras سے کچھ فاصلے پر موجود ہے۔
کامیل مارا نے پھلوں کے درختوں سے گھرے گاؤں میں لگ بھگ پوری زندگی گزاری، جہاں وہ اپنی غذا خود اگاتی جبکہ مویشیوں کا خیال رکھتی رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ‘آپ کی زندگی اتنی ہی طویل ہوتی ہے جتنا خدا کا حکم ہوتا ہے’۔
متعدد سرکاری دستاویزات میں کامیل مارا کی تاریخ پیدائش 19 اگست 1909 درج ہے اور اس طرح وہ ابھی دنیا کی معمر ترین شخصیت قرار دی جانے والی برطانیہ کی ایتھل کیٹرہم سے 2 دن بڑی ہیں۔
اتنی عمر کے افراد کی عمر کو ثابت کرنا مشکل ہوتا ہے۔
درحقیقت دنیا بھر میں متعدد افراد جن کی عمر کافی زیادہ ہوتی ہے، ان خطوں میں دستاویزات کا نظام کافی ناقص ہوتا ہے۔
مگر کامیل مارا کے پاس ایسا ریکارڈ موجود ہے جو بظاہر ان کی عمر کی تصدیق کرتا ہے۔
ان کے رشتے داروں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ سے 1945 میں جاری کیے گئے برتھ سرٹیفکیٹ، 1975 میں جاری کیے گئے پاسپورٹ اور ایک حالیہ شناختی کارڈ کے ساتھ رابطہ کیا۔
ان تمام دستاویزات میں ان کی تاریخ پیدائش یکساں ہے۔
ان کی عمر نے مقامی انتظامیہ کو بھی حیران کر دیا ہے جن کی جانب سے خاتون کی پنشن کو اس وقت روک دیا گیا، جب وہ 100 سال کی ہوئیں۔
کامیل مارا کے 80 سالہ بیٹے حسن نے بتایا کہ ‘حکام کو یقین نہیں کہ میری ماں ابھی بھی زندہ ہیں، جس کو ثابت کرنے کے لیے شواہد پیش کیے گئے’۔
یہی وجہ ہے کہ اکتوبر 2026 کے شروع میں حکومت نے کامیل مارا کے لیے خصوصی ریاستی پنشن جاری کرنے کا اعلان کیا۔
تو ان کی طویل زندگی کا راز کیا ہے؟ اس کا ممکنہ جواب کامیل مارا کی عادات اور طرز زندگی میں چھپا ہوا ہے۔
وہ علی الصبح احاطے کی صفائی کے لیے اٹھتی ہے، پھولوں کو پانی دیتی ہیں اور مرغیوں کو دانہ ڈالتی ہیں، جس کے بعد اپنی پسندیدہ کافی پیتی ہیں۔
وہ اب بھی اپنے بیٹے کے ساتھ چہل قدمی کرنا پسند کرتی ہیں جس کے دوران انار کو بھی توڑتی ہیں۔
ان کے بیٹے کے مطابق ‘میری ماں کو کبھی ڈاکٹر کے پاس جانا نہیں پڑا، ان کی صحت بہت اچھی ہے’۔
کامیل مارا کے شوہر کا انتقال 36 سال قبل ہوا تھا مگر اب بھی وہ ان کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسکراتی ہیں۔
اب تک وہ اپنے اردگرد خاندان کی 5 نسلوں کو پرورش پاتے دیکھ چکی ہیں۔
ان کے پاس لگ بھگ 100 سال پرانی ان کی اپنی ایک تصویر بھی ہے جو اس وقت کی ہے جب ان کی عمر 18 سال تھی۔



