منگولیا میں شدید ٹھنڈ اور برف باری کے باعث رواں موسم سرما میں اب تک 21 لاکھ سے زائد جانور ہلاک ہو چکے ہیں۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق لینڈ لاکڈ ملک میں دسمبر تا مارچ کے درمیان شدید سرد موسم کا ہونا کوئی تعجب نہیں، جہاں کچھ علاقوں میں پارہ گر کر منفی 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک آ جاتا ہے۔
منگولیا کی وزارت زراعت نے بتایا کہ شدید بھوک اور تھکاوٹ کے نتیجے میں 21 لاکھ مویشی ہلاک ہو چکے ہیں، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق منگولیا میں 6 کروڑ 47 لاکھ جانور ہیں، جس میں بھیڑ، بکریاں، گھوڑے اور گائیں شامل ہیں۔
اس شدید موسم کو ڈزوڈ (dzud) کے نام سے جانا جاتا ہے اور عام طور پر اس میں بڑی تعداد میں مویشیوں کی موت واقع ہوتی ہے، منگولیا نے پچھلی دہائی میں 6 ڈزوڈز کا تجربہ کیا ہے، جس میں 23-2022 کا موسم سرما بھی شامل ہے، جب 44 لاکھ مویشی ہلاک ہو گئے تھے۔



