ایران نے میرے ایک بیٹے کو قتل کرنے کی کوشش کی: اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے ان کے دو بیٹوں میں سے ایک کو قتل کرنے کی کوشش کی ہے۔
نیتن یاہو نے اسرائیلی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں مزید تفصیلات فراہم کیے بغیر کہا کہ ’اس لیے انہیں جو سکیورٹی دی جا رہی ہے وہ کوئی عیاشی نہیں ہے‘۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو کا یہ بیان بظاہر اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی ‘شن بیت’ کے ساتھ ہونے والے اس معاہدے کا دفاع معلوم ہوتا ہے جس کے تحت ان کے بیٹوں اور اہلیہ کو کم از کم 5 سال تک سکیورٹی فراہم کی جائے گی چاہے نیتن یاہو آئندہ انتخابات میں شکست ہی کیوں نہ کھا جائیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ نیتن یاہو کے کس بیٹے کو مبینہ طور پر قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔
واضح رہے کہ نیتن یاہو کا ایک بیٹا ایونر اسرائیل میں مقیم ہے جبکہ دوسرے بیٹے یائر نے گزشتہ چند سالوں کا زیادہ تر حصہ امریکا میں گزارا ہے۔



