امریکامیں شرعی قانون پر پابندی کی حمایت کروں گا،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہےکہ امریکا میں ‘شرعی قانون’ پر پابندی کی حمایت کروں گا۔
قدامت پسند ریڈیو میزبان گلین بیک کو دیےگئے انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ لندن اور پیرس میں بعض جگہ شرعی قانون ایک طرح سے دوسری طرز زندگی کی شکل اختیار کر چکا ہے، امریکا میں بھی کہیں کہیں یہ ہورہا ہے لیکن جہاں یہ نظر آئےگا ختم کیا جائےگا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں ایک ہی نظام ہونا چاہیے، ہمارے پاس ایک بہترین نظام ہے،کبھی کبھی یہ بہت مایوس کن ہوتا ہے، لیکن جہاں تک میں کہہ سکتا ہوں یہ سب سے بہترین نظام ہے۔
ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کھلی ہے، ہم اب بہت سے بحری جہاز اس آبنائے سے گزار رہے ہیں، تمام بارودی سرنگیں اب ختم کر دی گئی ہیں، ایران کے خلاف بڑی کامیابی ملنے والی ہے، ایران کے خلاف امریکا کا عسکری اور اقتصادی دباؤ کارگر ثابت ہو رہا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ان کے خیال میں ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی ہیں لیکن وہ ہلاک نہیں ہوئے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ نئے ایرانی سپریم لیڈر ہلاک ہو چکے ہیں، لیکن اگر ایسا ہے بھی تو ایرانی حکام بہت اچھا ڈرامہ کر رہے ہیں کیونکہ ایرانی ہر معاملے پر حتمی منظوری لینےکے لیے سپریم لیڈر سے دوبارہ بات کرنےکا ذکر کرتے رہتے ہیں، ٹرمپ نےکہاکہ انہیں یقین ہےکہ ایران کے سپریم لیڈر جسم کے بائیں جانب سے بہت شدید زخمی ہوئے ہیں۔



