پاکستان

سرکاری ملازمین کوعید سے پہلے تنخواہ اور پنشن ادائیگی کا فیصلہ

حکومتِ پنجاب نے عید الاضحیٰ کی آمد کے پیشِ نظر سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے تنخواہوں اور پنشن کی قبل از وقت ادائیگی کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِاعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ خزانہ نے عید الاضحیٰ کی مناسبت سے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو مئی کی تنخواہیں اور پنشن ایڈوانس میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس اقدام کا مقصد ملازمین کو عید کی خوشیوں اور قربانی کے جانوروں کی خریداری میں سہولت فراہم کرنا ہے، محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو مئی کی تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی 21 مئی کو کی جائے گی، تمام متعلقہ سرکاری اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ادائیگیوں کے عمل کو بروقت مکمل کریں، حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، تمام بینکوں کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں کہ وہ 21 مئی کو ملازمین کے اکاؤنٹس میں رقوم کی منتقلی یقینی بنائیں، اکاؤنٹس آفسز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بلوں کی کلیئرنس میں تاخیر نہ کریں تاکہ عید سے قبل تمام ملازمین مستفید ہوسکیں۔

ادھر رویت ہلال ریسرچ کونسل نے عیدالاضحی کی تاریخ سے متعلق پیش گوئی کردی، رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کا کہنا ہے کہ نیا چاند 16 اور 17 مئی کی درمیانی رات پاکستانی وقت کے مطابق ایک بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا، اگر موسم صاف رہا تو پاکستان میں ذی الحجہ 1447 ہجری کا چاند اتوار 17 مئی 2026ء کی شام دیکھا جا سکے گا، جس کے بعد یکم ذی الحجہ 18 مئی بروز پیر کو ہوگی جبکہ عیدالاضحی 27 مئی بروز بدھ کو منائے جانے کا امکان ہے۔
خالد اعجاز مفتی کا کہنا تھا کہ 17 مئی کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 18 گھنٹے سے کچھ زیادہ ہو گی، جو رویتِ ہلال کے لئے موزوں سمجھی جاتی ہے، غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان وقفہ کراچی میں تقریبا 55 منٹ جب کہ پشاور میں 63 منٹ ہوگا، اس لئے ملک کے جن علاقوں میں مطلع صاف ہوا وہاں ننگی آنکھ سے چاند دیکھے جانے کا امکان موجود ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker