نوجوان نسل پاکستان کا روشن مستقبل اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی کا دورہ کیا، جہاں طلباء اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست میں قومی سلامتی اور قومی یکجہتی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ قومی یکجہتی، ملکی سالمیت اور دشمن کے پروپیگنڈا کو مؤثر جواب دینے کیلئے نوجوان نسل میں شعور اجاگر کرنا ناگزیر ہے، نوجوان نسل پاکستان کا روشن مستقبل اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہے۔ نوجوانوں کو ملکی ترقی، سلامتی اور استحکام میں کردار ادا کرنا ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے تعلیمی اداروں میں قومی شعور، حب الوطنی اور ملکی ترقی میں ذمہ دارانہ کردار کے فروغ پر زور دیا۔
اس موقع پر آئی بی اے کراچی کے طلباء و اساتذہ نے ملکی ترقی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
طلباء نے پاکستان کیخلاف دشمن کے منفی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے اور قومی یکجہتی کے فروغ کےعزم کا اعادہ کیا۔



