انٹرنیشنل

آسٹریلیا کی اہم ریاست میں لیبر حکومت کا خاتمہ، جیس ولسن کی جیت

آسٹریلیا کی دوسری سب سے زیادہ آبادی والی ریاست وکٹوریہ میں لبرل نیشنل اتحاد نے انتخابی کامیابی حاصل کرلی ہے، جس کے نتیجے میں لیبر پارٹی کی 12 سالہ حکمرانی ختم ہوگئی ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ہفتے کو ہونے والے انتخابات میں ریاست کی قانون ساز اسمبلی کی 88 نشستوں کے نتائج اور آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی) کے انتخابی تخمینوں کی بنیاد پر لبرل نیشنل اتحاد کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

وکٹوریہ کے لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلیٰ بین کیرول نے شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں اور ان کا پیغام واضح ہے کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔

لیبر پارٹی کو انتخابی شکست کے ساتھ ایک اور بڑا دھچکا بھی لگا ہے، کیونکہ وزیر اعلیٰ بین کیرول اپنی نشست نِڈری بھی ہار گئے ہیں۔ آسٹریلوی نشریاتی ادارے اے بی سی کے مطابق وہ وکٹوریہ کی تاریخ کے پہلے وزیر اعلیٰ ہیں جو ریاستی انتخابات میں اپنی نشست ہارے ہیں۔

اے بی سی کے انتخابی تجزیہ کار کیسی بریگز نے کہا کہ دستیاب نتائج سے واضح ہے کہ لیبر پارٹی کے لیے حکومت بنانے کا کوئی راستہ باقی نہیں رہا۔ لیبر پارٹی کو حکومت بنانے کے لیے 45 نشستیں درکار تھیں، تاہم ابتدائی تخمینوں میں اسے اس سے کہیں کم نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا۔

لیبر پارٹی گزشتہ 27 برس میں سے 23 سال وکٹوریہ میں حکومت کر چکی ہے۔ اس بار انتخابی شکست کے پس منظر میں مہنگائی، رہائشی اخراجات، ریاست پر بڑھتا ہوا قرض اور کورونا وبا کے دوران میلبورن میں طویل ترین لاک ڈاؤن کے باعث پیدا ہونے والی عوامی ناراضی کو اہم عوامل قرار دیا جا رہا ہے۔

لبرل پارٹی کی 36 سالہ رہنما جیس ولسن وکٹوریہ کی اگلی وزیر اعلیٰ بنیں گی۔ وہ ریاست کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ ہوں گی اور 12 سال بعد لبرل نیشنل اتحاد کی حکومت کی قیادت کریں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker