آسٹریلین رائل ملٹری کالج میں پاکستانی کیڈٹ سردار ارسام عباس اوورآل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ قرار
آسٹریلین رائل ملٹری کالج ڈنٹروون نے پاکستان آرمی کےکیڈٹ سردار ارسام عباس کو اوور آل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ قرار دے دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک آرمی کیڈٹ کو 5 مئی کو کینبرا میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ قرار دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کمیشننگ پریڈ کا معائنہ آسٹریلوی چیف آف آرمی لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹیورٹ نے کیا۔
تقریب میں سفارتی عملے کے ارکان،کینبرا میں پاکستان کے ہائی کمشنرنے شرکت کی جب کہ تقریب میں فارغ التحصیل کیڈٹس کے اہلخانہ اور آسٹریلوی ڈیفنس فورس کے حکام بھی شریک تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اعزاز اس غیرملکی کیڈٹ کو دیا جاتا ہے جو تربیت کے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے، یہ کامیابی پاک فوج کی جونیئرقیادت کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اوراعلیٰ معیار کی عکاس ہے۔
سردارارسام عباس آسٹریلیا میں بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ کا اعزاز حاصل کرنے والے 14ویں پاکستانی کیڈٹ ہیں۔



