وزیراعظم کا وزیراعلیٰ کے پی سے رابطہ، دہشتگردی کیخلاف ہر ممکن تعاون فراہم کرنیکی یقین دہانی
وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے گزشتہ روز بنوں میں پولیس چوکی پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی۔
وزیراعظم نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور ساتھ ہی شہدا کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، دہشتگردی کے خلاف صوبائی حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف خیبرپختونخوا کی نہیں بلکہ پورے ملک کی جنگ ہے، دہشتگردی سے متاثرہ ہر خاندان کے ساتھ خیبر پختونخوا حکومت کھڑی ہے۔
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا واقعے پر کہنا تھا کہ دہشتگرد صوبے کے امن اور انسانیت کے دشمن ہیں، خیبرپختونخوا پولیس بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہے۔



