
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں تیسرے دن کا کھیل جاری ہے۔ آج قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگ کا آغاز ایک وکٹ پر 179 رنز سے کیا۔
پاکستان کی جانب سے کریز پر موجود اذان اویس نے 84 اور عبداللّٰہ فضل نے 37 رنز کے ساتھ اپنی اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا، بعدازاں اپنے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے اذان اویس پہلے ہی سیشن میں 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اذان اویس کیرئیر کے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے پاکستان کے 14ویں بیٹر بن گئے، جنہوں نے 153 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔
اس کے بعد پاکستان کی تیسری وکٹ 226 رنز پر گرگئی جب کپتان شان مسعود 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے اگلے ہی اوور میں 227 رنز پر پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی گر گئی جب سعود شکیل صفر پر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ پاکستان کےعبداللہ فضل نے بھی کیرئیر کے پہلے ہی ٹیسٹ میں ففٹی اسکور کی۔
ٹیم کے مجموعی 230 اسکور پر عبداللہ فضل 60 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے اور یوں پاکستان کی پانچ وکٹیں گرگئیں۔
اس موقع پر سلمان آغا اور محمد رضوان نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم وہ دونوں بھی بالترتیب 58 اور 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی پوری ٹیم 386 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔



