پاکستان
کیا پاکستان کا بلیو پاسپورٹ ختم کیا جا رہا ہے؟ معاملہ کیا ہے؟

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں پاسپورٹ ایکٹ میں ترمیم کا جائزہ لیا گیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ڈاکٹر محمد ہمایوں مہمند کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف ترامیم اور تجاویز پر غور کیا گیا۔
کمیٹی رکن کامران مرتضیٰ نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان میں گرین اور بلیو پاسپورٹ کا نظام امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔ اور دنیا کے تمام پاکستانیوں کو ایک جیسے حقوق اور عزت ملنی چاہیے۔
اجلاس میں تجویز دی گئی کہ تمام پاکستانیوں کے لیے ایک ہی رنگ کا پاسپورٹ ہونا چاہیے۔ جبکہ اگر شناخت ضروری ہو تو پاسپورٹ پر عہدہ درج کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی یہ معاملہ سینیٹ میں زیر بحث رہا تھا جہاں مختلف ارکان نے پاسپورٹ ایکٹ 1974 میں ترامیم پر بحث کی تھی۔



