پاکستان کا دشمن اب بری نظر ڈالنےکی جرات نہیں کرےگا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہےکہ پاکستان کا دشمن اب بری نظر ڈالنےکی جرات نہیں کرے گا، ایک سال پہلے پاک فضائیہ کے شاہینوں اور فتح میزائلوں نے صحیح نشانے لگا کر دشمن کو کرارا اور ناقابلِ فراموش سبق سکھا دیا۔
کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں آج پاکستان کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کے درمیان موجود ہوں، ہمیں اپنے محافظوں پر فخر ہے جو ہماری خود مختاری کے نگہبان ہیں، آپ دیگر اداروں کے ساتھ پاکستان کی تاریخ، روایات، بقا اور علم کے امین ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال قبل بھارتی اشتعال انگیزی کا سامنا کیا، دشمن قوت یہ سمجھتی ہے وہ ہم سے کہیں زیادہ طاقت ور ہے، بھارت نےپاکستان کی مخلصانہ اور سنجیدہ مذاکرات کی پیشکش کو نظر انداز کیا تھا، بھارت نے کشیدگی،جارحیت اور تشدد کا راستہ اختیار کیا، بھارت کو یہ احساس نہ ہوسکا پاکستان کی قیام امن کی کوششیں کمزوری نہیں یہ ہماری طاقت تھیں، دشمن کو کرارا اور ناقابل فراموش سب سکھا دیا گیا۔
آپریشن غضب للحق نے ہمارے دشمن کے دل میں خوف پیدا کردیا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ ان کاکہنا تھا کہ ہمارا انسداد دہشت گردی آپریشن گزشتہ 2 دہائیوں سے جاری ہے، غضب للحق نے ہمارے دشمن کے دل میں خوف پیدا کردیا ہے، آپریشن غضب للحق پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری ہے، افغان طالبان کے زیر اثر دہشت گرد پراکسی عناصر سے معصوم شہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائےگا، دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور معاون ڈھانچوں کو مؤثر سزا دی جائے گی، پاکستان کسی بھی مہم جوئی کے خلاف اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کےدفاع کے لیے ہرقیمت ادا کرےگا، ہم اپنے پڑوسیوں کے ساتھ امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، افغان طالبان رجیم کو دہشت گرد گروہوں ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور دیگر کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔



