فیلڈ مارشل کے دورہ ایران میں حتمی مفاہمت کی طرف حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے، آئی ایس پی آر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مختصر مگر انتہائی اہم سرکاری دورہ ایران مکمل ہوگیا، آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی گہری بات چیت کے نتیجے میں حتمی مفاہمت کی طرف حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے سینئر سول اور عسکری حکام کے ہمراہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کے لیے جاری ثالثی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ، یہ ملاقاتیں جاری سفارتی و ثالثی کوششوں کا حصہ تھیں۔
فیلڈ مارشل نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، فیلڈ مارشل نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں ایران کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں، ملاقاتوں نے ثالثی کے عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی گہری بات چیت کے نتیجے میں حتمی مفاہمت کی طرف حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں کا مقصد 8 اپریل کی جنگ بندی کے بعد خطے میں پیدا کشیدگی میں کمی یقینی بنانا ہے، ملاقاتوں کا مقصد تعمیری روابط کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ ایرانی قیادت نے علاقائی مسائل کے پرامن حل میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا، ایرانی قیادت نے مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔



