بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا آپریشن، 15 خوارجی دہشتگرد ہلاک

بنوں میں پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 15 خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ 10 دہشتگرد زخمی ہوگئے۔
سینٹرل پولیس آفس ( سی پی او) کے مطابق بنوں میں تھانہ میریان کی حدود میں صبح سویرے پولیس اور سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا . اس دوران دہشتگردو ں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک ریٹائرڈ ایف سی اہل کار شہید ہوگیا جب کہ 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں کی نقل وحرکت نگرانی کے لیے جدید ڈرون اور ٹیکنالوجی استعمال کی گئی، آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 12 دہشتگردوں کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونےکی اطلاعات ہیں جبکہ آپریشن کے دوران 10کلو گرام وزنی دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہوا جسے موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔
دوسری جانب آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقارحمید نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور امن دشمن عناصر کےخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، خیبرپختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کی حفاظت کیلئےفرنٹ لائن پرکھڑی ہے، دشمن کے ہر وار کا منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔



