وزیراعظم شہبازشریف کا ایرانی صدر سے رابطہ، حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا، شہبازشریف نے امن و استحکام کی فوری بحالی کی ضرورت پر زور دیا ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ایران اور دیگر تمام متعلقہ فریقین تحمل و بردباری کا مظاہرہ کریں،ایسےکسی بھی اقدام سے گریز کریں جو امن کیلئے حاصل کامیابیوں کو نقصان پہنچائے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت باہمی وعدوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت افہام وتفہیم،احترام اور مشترکہ خوشحالی کیلئے پائیدار بنیاد فراہم کرتی ہے۔
شہبازشریف نے خطے میں امن کے فروغ کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان علاقائی امن واستحکام کی بحالی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ مسعود پزشکیان نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِجنازہ اور تدفین میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
مسعود پزشکیان نے خطے میں امن کیلئے ایران کے عزم کا اعادہ،پاکستان کی حمایت اور تعمیری کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دورۂ اسلام آباد کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔
ٹیلیفونک رابطے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے ان پر تیزی سے عملدرآمد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کیلئے نیک تمناؤں اور پرتپاک جذبات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی امن واستحکام کیلئے قریبی مشاورت پر اتفاق کیا۔



