گلگت بلتستان: دیامر میں موسلا دھار بارشیں، برساتی نالے میں طغیانی کے باعث فصلیں اور رابطہ پل تباہ

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، داریل کے برساتی نالے میں طغیانی کے باعث فصلیں، واٹر چینل، رابطہ پل اور پن چکیاں تباہ ہوگئیں اور آب پاشی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں آج رات اور کل بھی موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے، برساتی ندی نالے بپھر سکتے ہیں، تیز بارشوں کی وجہ سے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالا، نارووال، پشاور اور نوشہرہ کے نشیبی علاقے زیرآب آنےکا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کے مطابق مون سون میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے، فلیش فلڈ، کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
چترال، سوات، دیر، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور تورغر انتہائی حساس قرار دیےگئے ہیں۔



