رواں مالی سال شرح نمو 4 فیصد یا اس سے زائد رہنے کی امید ہے: وزیر خزانہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال میں پاکستان میں شرح نمو 4 فیصد یا اس سے زائد رہنے کی امید ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے خودمختار سرمایہ کاروں کے گول میز اجلاس میں شرکت کی جس میں انہوں نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معاشی پیشرفت سے آگاہ کیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مسلسل تین سال سے بنیادی مالیاتی سرپلس برقرار رہنے کو اجاگر کیا گیا، مالیاتی خسارہ 22 سال کی کم ترین سطح پر آنے پر روشنی ڈالی گئی، پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا ذکر کیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس میں قرض لینے کی لاگت کم کرنے اور قرضوں کی مدت بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا، اس کے علاوہ زرمبادلہ کے ذخائر، مہنگائی اور بیرونی شعبے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں توانائی کے تحفظ، ہدفی ریلیف اور موسمیاتی مالی معاونت پر بھی گفتگو کی گئی، وزیر خزانہ نے معاشی اصلاحات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے بتایا کہ رواں مالی سال شرح نمو 4 فیصد یا اس سے زائد رہنے کی امید ہے۔



