پاکستان

حرمین شریفین کا تحفظ اولین ترجیح، مقدس مقامات پر حملوں پر عسکری قیادت میں شدید غم وغصہ ہے، ترجمان پاک فوج

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری کا کہنا ہے کہ حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کیلئے اولین ترجیح ہے، مذاکرات میں ناکامی اور تصادم کی صورت میں مکہ دفاعی اتحاد حرکت میں آئے گا۔

انڈیپنڈنٹ عربیہ کو انٹرویو میں لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف بالکل واضح اور دوٹوک ہے، سعودی عرب کی خودمختاری،علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، مقدس مقامات پر حملوں پر پاکستانی عوام، سیاسی، عسکری قیادت میں شدید غم وغصہ ہے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ مذاکرات کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچنا ناگزیر ہے، تنازعات کو بڑھانے سے کسی ملک کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، مذاکرات میں ناکامی اور تصادم کی صورت میں مکہ دفاعی اتحاد حرکت میں آئے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ بالخصوص حرمین شریفین کا تحفظ، ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان کیلئے یہ معاملہ حتمی ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، اس مقصد کے لیے جو بھی تعاون درکار ہے وہ فراہم کیا جا رہا ہے اور آئندہ بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون اور رابطہ جاری ہے۔ یہ تعاون مکہ اتحاد کے قیام سے بھی پہلے جاری تھا۔ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ دفاعی اتحاد کے دروازے ہر اس ملک کے لیے کھلا ہے جو مشترکہ دفاع اور خطے کے امن و استحکام پر یقین رکھتا ہو۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ خطے میں امن، استحکام پر یقین رکھتے ہیں، مکہ دفاعی اتحاد کا کوئی بھی جارحانہ ارادہ نہیں، مکہ دفاعی اتحاد کسی خاص ملک کے خلاف نہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری نے مزید کہا کہ مکہ دفاعی اتحاد کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دینا ہے، پاکستان کا پیغام سیاسی قیادت اور فیلڈ مارشل کے ذریعے پہلے ہی سامنے آچکا، مسلمانوں کو آپس میں لڑنے کے بجائے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker