
پیٹرول پمپ ملازم پر تشدد کرنے والےشخص کو تھپڑ مارنےکی ویڈیو شیئر کرنے پر شہری نے سوشل میڈیا پر پر وزیراعلیٰ مریم نواز سے سوال کیا کہ اسکوٹی والی بچی کو مارنے والے کی ایسی ویڈیو کا انتظار ہے۔
اس پر مریم نواز نے جواب میں کہاکہ میں نے خود اُس لڑکی سے بات کی، لڑکی سے کہا جتنی باراُس شخص نے تھپڑمارے وہ بھی اسے اتنی ہی بارتھپڑمارے۔
انہوں نے بتایاکہ لڑکی نے کہا اُس کےلیے یہ کافی تھاکہ حکومت نے تحفظ فراہم کیا اور انصاف اُس کے ساتھ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیٹرول پمپ ملازم پر تشدد کرنے والے شخص کی گرفتاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس میں پولیس حراست میں موجود شخص کو پیٹرول پمپ ملازم کی جانب سے زور دار تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مریم نواز نے لکھا کہ یہ اُن بگڑے ہوئے اور مغرور لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو غریبوں کو خود سے کمتر انسان سمجھتے ہیں اور یہ گمان کرتے ہیں کہ دولت اور طاقت کے بل بوتے پر وہ قانون سے بالاتر ہو سکتے ہیں اور جو چاہیں کر کے بچ نکلیں گے۔



