پاکستان کشمیریوں کی حفاظت کر رہا ہے، فاروق عبداللہ
مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نےکہا ہے کہ پاکستان ہر موقع پرکشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان کشمیریوں کی حفاظت کر رہا ہے۔

بھارتی خبر ایجنسی اے این آئی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ کیا آپ لوگوں کو دہلی حکومت سے یہ امید ہےکہ آپ کو انصاف دےگی؟
ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو اپنے حقوق کے لیے متحد ہونا ہوگا، آپ میں ان (بھارتی حکومت) کا مقابلہ کرنے اور ان کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے کی ہمت ہونی چاہیے، اگر آپ نے ایسا نہ کیا تو آپ کا وجود مٹ جائےگا، آپ کا نام و نشان اور شناخت ختم ہو جائےگی اور کوئی آپ کو یاد تک نہیں رکھےگا۔
فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ ہمارا پڑوسی (پاکستان) مسلسل ان کے پیچھے پڑا ہوا ہے، وہ ہر جگہ جا کر کہتا ہےکہ مسئلہ کشمیر ابھی تک حل نہیں ہوا، وہ ہماری حفاظت کر رہا ہے، ورنہ ان (بھارت) کے ارادے ٹھیک نہیں ہیں، وہ کہتے کچھ ہیں لیکن کرتے بالکل اس کے برعکس ہیں۔
نیشنل کانفرنس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آپ میں سچ کا ساتھ دینے اور اس پر ڈٹ جانےکا حوصلہ ہونا چاہیے، سچ بولنا آسان نہیں ہوتا لیکن جب تک آپ سچ نہیں بولیں گے اور اس پر مضبوطی سے قائم نہیں رہیں گے، آپ کا مستقبل کبھی محفوظ نہیں ہو سکتا۔
فاروق عبداللہ کوپاکستان سے اتنی ہی محبت ہےتووہاں چلیں جائیں: بی جے پی
دوسری جانب فاروق عبداللہ کے بیان پر بی جے پی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی کے صدر ست شرما نے فاروق عبداللہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی عوام سے معافی مانگیں، یہ بیانات ناقابل قبول ہیں، اگر انہیں پاکستان سے اتنی ہی گہری محبت ہے تو انہیں پاکستان جا کر وہاں آباد ہو جانا چاہیے۔



