وزیراعظم کا 2 سال میں 5 لاکھ طالب علموں کو کروم بکس دینے کا اعلان
اسلام آباد: ملک بھر میں 5 لاکھ طالب علموں کو کروم بکس اور انٹرنیٹ سہولت فراہم کی جائے گی۔

اسلام آباد میں 5 لاکھ طالب علموں کو کروم بکس اور انٹرنیٹ سہولت فراہمی کے اجرا کی تقریب ہوئی جہاں وزیراعظم نے نمایاں کاکردگی والے طالب علموں میں کروم بکس تقسیم کیں۔
اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ طلبا پاکستان کا حقیقی اثاثہ ہیں، طلبا کو بااختیار بنانے کے سفر کا آغاز کر رہے ہیں، نوجوانوں کو جدید تعلیم سے روشناس کرانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ باصلاحیت بیٹے اور بیٹیاں پاکستان کا حقیقی سرمایہ ہیں، ماضی میں مسلم لیگ ن نے ملک بھرسمیت آزادکشمیر میں قابلیت کی بنیاد پر 6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیےتھے۔
ان کا کہنا تھا کہ 5 لاکھ کروم بکس 2 سال میں ملک بھر میں تقسیم کی جائیں گی، دانش اسکولوں میں تمام سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں، دانش اسکولوں میں تمام سہولتیں مفت فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف قابلیت کی بنیاد پر طالب علموں کو کروم بُکس تقسیم کی جارہی ہیں تاکہ آپ دنیا میں چاہے کہیں بھی ہوں، آپ ریموٹلی بھی علم حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھ سکیں، آپ کسی سے پیچھے نہ ہوں، طلبا کو بااختیار بنانے کا آغاز کررہے ہیں۔



