گوگل میپس میں ایسے فیچر کا اضافہ جو اب تک اس سروس کا حصہ نہیں تھا
ویسے تو گوگل میپس کا استعمال مختلف جگہوں پر جانے کے لیے کیا جاتا ہے۔

مگر بہت جلد آپ اس نیوی گیشن سروس کو کھانا منگوانے کے لیے بھی استعمال کرسکیں گے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوگل میپس میں ایک نئے فیچر کا اشارہ ملا ہے جس سے صارفین بات چیت کرکے فوڈ آرڈر کرسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے نئے ورژن میں اس فیچر کا کوڈ نظر آیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس کوڈ سے عندیہ ملتا ہے کہ میپس کے ذریعے آپ سفر کے دوران بھی کھانا آرڈر کرسکتے ہیں۔
بظاہر یہ فیچر گوگل میپس کے نئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچر آسک میپس سے منسلک نظر آتا ہے۔
اس فیچر میں آپ گوگل میپس سے گفتگو کرتے ہوئے لوکیشنز اور جگہوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کوڈ میں ایسے بٹنوں کے اشارے موجود ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ گوگل کی جانب سے فوڈ آرڈر فیچر کو متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ویسے گوگل کی جانب سے بھی کچھ ہفتے قبل ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا تھا کہ بہت جلد آپ میپس میں فوڈ آرڈر کرسکیں گے۔
مگر کوڈ میں ڈرائیو اپ سروس کا حوالہ بھی موجود ہے جس کے ذریعے صارفین آرڈر کیے گئے فوڈ کو موصول کرسکیں گے۔
ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اس فیچر کو کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔



