آزاد کشمیر انتخابات: ن لیگ کا جہلم سے مہاجرین کی نشستوں پر بھرپور الیکشن مہم چلانے کا اعلان
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مہاجرین کی نشستوں کے لیے بھرپور الیکشن مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی جہلم کے علاقے بدلوٹ میں آبائی رہائش گاہ پر الیکشن مہم کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں سینئر پارلیمنٹیرین طاہرہ اورنگزیب، مسلم لیگ (ن) ضلع راولپنڈی کے صدر اور رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، سابق مئیر راولپنڈی سردار نسیم خان اور جہلم سے پارٹی کے مرکزی رہنما بھی شریک ہوئے۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ 39 جموں 6 سے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار راجہ محمد صدیق اور حلقہ ایل اے 42 ویلی تین سے نامزد امیدوار شوکت علی شاہ بھی دیگر رہنماؤں کے ہمراہ اجلاس میں موجود تھے۔
اس کے علاوہ سابق ارکان پنجاب اسمبلی مہر فیاض اور چوہدری سعید سمیت پارٹی رہنما طالب مہدی، چوہدری بوٹا جاوید، حافظ اعجاز، چوہدری راشد اور دیگر رہنما بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس میں ضلع جہلم میں انتخابی مہم کے حوالے سے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کی حکمت عملی طے کی گئی اور الیکشن کمپین کے لیے ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں لگائی جانے والی ذمہ داریوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا، جہلم میں آزاد کشمیر کے ان انتخابی حلقوں میں پولنگ کے دن کے حوالے سے حکمت عملی پر مزید مشاورت کی گئی۔
اس حوالے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پارٹی صدر محمد نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں الیکشن کمپین بھرپور انداز میں چلائیں گے۔
اس کے علاوہ پارٹی رہنماؤں نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کشمیر کاز کی مضبوطی اور کشمیریوں کی ترقی کی ضمانت ہے۔



