ننھے سے پرندے کی حیران کن پرواز

صرف 150 گرام وزن رکھنے والے ایک ننھے پرندے نے محض 4 دن اور 5 گھنٹوں میں 5 ہزار 700 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے سب کو حیران کردیا۔ امُر فالکن نامی اس پرندے نے پورے سفر کے دوران نہ آرام کیا اور نہ خوراک کے لیے کہیں رکا، بلکہ مسلسل پرواز کرتے ہوئے افریقی ملک صومالیہ کے ساحل تک پہنچ گیا۔
دنیا میں ہجرت کرنے والے پرندوں کی بعض اقسام ہر سال ہزاروں کلومیٹر کا سفر طے کرتی ہیں، لیکن امر فالکن کا سفر غیرمعمولی ہے جس نے سائنسدانوں کو بھی حیران کردیا۔
سیٹلائٹ ٹریکنگ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق، الانگ نامی نوجوان پرندے امُر فالکن نے صرف 101 گھنٹوں میں 5,700 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے افریقی ملک صومالیہ کے ساحل تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس پورے سفر کے دوران پرندہ نہ آرام کرنے کے لیے رکا اور نہ ہی خوراک کے لیے کہیں ٹھہرا۔ اس نے تقریباً 4 دن اور 5 گھنٹے مسلسل پرواز کی۔
اس کے ساتھ اپاپانگ نامی ایک بالغ نر پرندہ بھی اس طویل سفر پر روانہ ہوا تھا۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق وہ 95 گھنٹوں میں تقریباً 4,100 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرچکا تھا اور اس وقت بحیرہ عرب کے اوپر پرواز کررہا تھا۔
امُر فالکن دنیا کے طویل فاصلے تک ہجرت کرنے والے پرندوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کا وزن تقریباً 150 گرام ہوتا ہے، لیکن اس کے باوجود یہ ہر سال ہزاروں کلومیٹر کا سفر طے کرتا ہے۔ یہ پرندے مشرقی روس، شمال مشرقی چین اور منگولیا کے علاقوں میں افزائش نسل کرتے ہیں، جہاں سے موسم کی تبدیلی کے ساتھ جنوبی اور مشرقی افریقہ کی جانب ہجرت کرتے ہیں۔
اس طویل سفر کے دوران ان کا راستہ شمال مشرقی علاقوں سے بھی گزرتا ہے، جہاں یہ بڑی تعداد میں جمع ہوتے ہیں۔ یہاں انہیں کیڑے مکوڑے کھانے اور طویل پرواز کے لیے جسم میں توانائی ذخیرہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔
ان پرندوں کے سفر کا سب سے مشکل مرحلہ بحیرہ عرب کو عبور کرنا ہے۔ اس دوران انہیں ہزاروں کلومیٹر تک سمندر کے اوپر پرواز کرنا پڑتی ہے، جہاں آرام کرنے یا خوراک حاصل کرنے کے لیے کوئی خشکی دستیاب نہیں ہوتی۔ یہی وجہ ہے کہ یہ سفر ان کی جسمانی طاقت اور برداشت کا ایک غیر معمولی امتحان ہوتا ہے۔
الانگ اور اپاپانگ کی پرواز پر سائنس دان سیٹلائٹ ٹریکرز کے ذریعے نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان دونوں پرندوں کو نومبر 2025 میں وائلڈ لائف انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے سائنس دانوں نے منی پور امُر فالکن ٹریکنگ منصوبے کے تحت انتہائی ہلکے ٹرانسمیٹر لگائے تھے۔ ان آلات کی مدد سے محققین پرندوں کی نقل و حرکت، سفر کے راستے اور مسلسل پرواز کے دورانیے کا پتا لگا سکتے ہیں۔
یہ تحقیق صرف پرندوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کو سمجھنے میں مدد نہیں دیتی بلکہ ان کے تحفظ کی اہمیت بھی واضح کرتی ہے۔ منی پور کے ضلع تامینگ لونگ میں مقامی آبادی ان پرندوں کے روایتی قیام گاہوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کررہی ہے، جہاں یہ طویل سفر سے پہلے خوراک حاصل کرنے اور آرام کرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔
الانگ کی کامیاب پرواز نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ قدرت میں بعض چھوٹے جاندار بھی ایسی صلاحیتوں کے مالک ہیں جن کا تصور کرنا مشکل ہے۔ دوسری جانب اپاپانگ کا سفر ابھی جاری ہے، جس کی نگرانی سے محققین کو یہ سمجھنے میں مزید مدد ملے گی کہ یہ ننھے پرندے سمندر کے اوپر مسلسل کتنی دور تک پرواز کرسکتے ہیں۔



