اینتھروپک کے ملازمین کروڑ پتی بن گئے، اسٹاک مارکیٹ میں اگلے ہی روز حصص کی قیمت گر گئی

مصنوعی ذہانت (اے آئی ) کی معروف امریکی کمپنی اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں شاندار انٹری نے اس کے ملازمین کی قسمت بدل دی، کمپنی کے تقریباً 96 فیصد ملازمین کروڑ پتی بن گئے جبکہ 600 ملازمین ارب پتیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں ، دوسرے دن ہی کمپنی کے حصص کی قیمت چھ فیصد گر گئی ہے۔
اینتھروپک امریکی اے آئی کمپنی ہے جس نے مقبول مصنوعی ذہانت کا ماڈل کلاڈ تیار کیا ہے، کمپنی 2021 میں قائم ہوئی تھی اور اب دنیا کی بڑی اے آئی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔
اینتھروپک نے 19 نومبر 2026 کو امریکی اسٹاک مارکیٹ نیس ڈیک میں اپنا ابتدائی عوامی فروخت (IPO) پیش کیا۔ کمپنی نے اپنے حصص کی ابتدائی قیمت 83 ڈالر مقرر کی، جس کے بعد اس کی مالیت پہلے روز کی ٹریڈنگ کے دوران تقریباً 1.76 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی۔ ایک موقع پر حصص کی مالیت دو ٹریلین سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔
رائٹرز کے مطابق جمعرات 19 نومبر کو نیس ڈیک میں شاندار آغاز کے بعد جمعہ 20 نومبر کو پری مارکیٹ ٹریڈنگ کے دوران اینتھروپک کے حصص تقریباً 6 فیصد گر گئے۔ جمعرات کو بھی حصص اپنی ابتدائی قیمت کے مقابلے میں 13 فیصد کمی کے ساتھ بند ہوئے تھے۔
جمعہ کی ابتدائی ٹریڈنگ میں حصص کی قیمت 91.24 ڈالر رہی، جس کے نتیجے میں کمپنی کی مکمل طور پر کمزور شدہ بنیاد پر مالیت تقریباً 1.7 ٹریلین ڈالر اور جاری حصص کی بنیاد پر مارکیٹ کیپٹلائزیشن تقریباً 1.2 ٹریلین ڈالر رہی۔
سی این این نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ کمپنی کی ستمبر 2026 کی ریگولیٹری دستاویزات کے مطابق اس کے ملازمین کی مجموعی تعداد 5 ہزار 300 تھی۔
حصص کی مالیت کا جائزہ لینے والے ادارے ہِل کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 5100 ملازمین کے حصص کی مالیت 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہے۔ تقریباً 2800 ملازمین کے حصص کی مالیت ایک کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق لگ بھگ 600 ملازمین ایسے ہیں جن کے حصص کی مالیت 10 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہو گئی ہے۔
کم عرصے میں ملازمین کی قسمت کیسے بدلی؟
اینتھروپک کی بنیاد 2021 میں رکھی گئی تھی اور اس نے حیران کن رفتار سے ترقی کی، 2024 کے اختتام پر کمپنی کے ملازمین کی تعداد ایک ہزار سے بھی کم تھی جو ستمبر 2026 تک بڑھ کر5 ہزار 300 ہو گئی۔
کمپنی نے ملازمین کو تنخواہوں کے ساتھ شیئرز بھی دیے تھے، اس لیے کمپنی کی قدر میں اضافے اور اسٹاک مارکیٹ میں شمولیت سے ملازمین کے حصص کی مالیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔
ہِل کے بانی اور چیف ایگزیکٹو اینڈریو بینسن کے مطابق اس کامیابی میں کمپنی کے ابتدائی دور میں ملازمت اختیار کرنے والے افراد کو خاص فائدہ ہوا، ان کے بقول کمپنی میں عہدے سے زیادہ اہمیت اس بات کی تھی کہ کوئی ملازم کتنی جلدی اس کا حصہ بنا۔
ملازمین کو حصص فروخت کرنے کا بھی موقع دیا گیا
اینتھروپک کا آئی پی او اس حوالے سے بھی منفرد رہا کہ کمپنی کے بعض غیر بانی ملازمین کو پہلے ہی دن اپنے حصص فروخت کرنے کا موقع دیا گیا۔
عام طور پر آئی پی او کے بعد ملازمین پر تین سے چھ ماہ تک حصص فروخت نہ کرنے کی پابندی ہوتی ہے تاہم اینتھروپک نے مرحلہ وار پابندیوں کا نظام متعارف کرایا، جس کے تحت اندرونی سرمایہ کار پہلے روز اپنے حصص کا 10 فیصد تک فروخت کر سکتے تھے۔
اینتھروپک کے زیادہ تر ملازمین سان فرانسسکو میں مقیم ہیں، جہاں اچانک دولت مند ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے سے رہائشی املاک کی قیمتوں پر مزید دباؤ پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں سان فرانسسکو میں ایک گھر کی اوسط فروخت قیمت 17 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 19 فیصد زیادہ تھی۔
سرمایہ کاروں کے خدشات کیا ہیں؟
رائٹرز کے مطابق سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ مصنوعی ذہانت سے وابستہ کمپنیوں کی غیر معمولی مالیت ان کی حقیقی آمدنی اور کاروباری امکانات سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
اینتھروپک کے حصص کی قیمت اس کی گزشتہ 12 ماہ کی آمدنی کے تقریباً 40 گنا کے برابر قرار دی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس سطح پر کمپنی کی مستقبل کی ترقی کے امکانات پہلے ہی حصص کی قیمت میں شامل دکھائی دیتے ہیں۔
ایس او سی انویسٹمنٹ گروپ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر تیجَل پٹیل کے مطابق بڑے آئی پی او کے بعد حصص کی قیمت میں کمی معمول کی بات ہو سکتی ہے، تاہم اس گراوٹ کی شدت اور اتار چڑھاؤ سرمایہ کاروں کے لیے تشویش کا باعث بن سکتے ہیں۔
اسپیس ایکس کی مثال اور اوپن اے آئی پر نظریں
اینتھروپک کے آئی پی او کا موازنہ ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس سے بھی کیا جا رہا ہے، جس نے جون میں اسٹاک مارکیٹ میں قدم رکھا تھا اور بعد کے ہفتوں میں اس کے حصص میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔
دوسری جانب سرمایہ کاروں کی نظریں اب اوپن اے آئی کے ممکنہ آئی پی او پر بھی ہیں، جس کے اگلے سال اسٹاک مارکیٹ میں آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی ایپل بھی اے آئی ایجنٹ تیار کر رہی ہے جو صارفین کی جانب سے مختلف کام انجام دے سکے گا۔ اس طرح اوپن اے آئی، اینتھروپک اور میٹا جیسی کمپنیوں کو مزید مسابقت کا سامنا ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ ملازمین کی دولت سے متعلق اعداد و شمار ان کے حصص کی تخمینی مالیت پر مبنی ہیں، ضروری نہیں کہ تمام ملازمین نے یہ حصص فروخت کرکے اتنی نقد رقم حاصل بھی کر لی ہو۔



